بحرین:/14جون (ایس اونیوز/محمد اطہر پیرزادے) بھٹکل مسلم جماعت بحرین کا عید ملن پروگرام بروز جمعرات 13جون کو منعقد ہوا، جس میں بچوں کے پروگرام بالخصوص نظمیں، کوئیز، کھیل مقابلے نہایت دلچسپ رہے، عید ملن تقریب میں تعلیمی ایوارڈ سمیت بچوں کی ہمت آفزائی کے لئے بعض خصوصی انعامات سے بھی نواز گیا جبکہ آخر میں ریفل ڈراء کے ذریعے پروگرام کے شُرکاء کو بھی انعامات سے نوازا گیا۔
رات کی پرلطف ضیافت کے بعد رات 10بجے مولوی ناہل ابن نورالامین ملپا کی تلاوت قرآن کریم اور اس کے ترجمہ سے پروگرام کا آغاز ہوا۔ برادرم منور علی انصار پیرزادے نعت پیش کی جماعت کے جنرل سکریٹری مولوی محمد اظہر الدین آرمار ندوی نے تمام مہمان وشرکا کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے مہمان خصوصی کا تعارف پیش کیا۔
جماعت کے دیگر ممبران برادرم محمد شاکر ربانی کھروری، برادرم محمد معین خلیفہ، جناب مشتاق احمد ائیکری،عزیزم محمد رباح ڈی ایف نے اپنی آواز میں نظموں سے سامعین کو محظوظ فرمایا۔ ننھے منے بچوں نے پروگرام میں حصہ لینے میں بڑی دلچسپی دکھائی اور بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، جس میں خاص کر شزا بنت شہنواز اسرمٹا، فاطمہ آشنا بنت اسحاق پلور، فاطمہ بنت پرویز قاسمجی کی معصومیت بھری میٹھی زبان سے حدیث بیانی کو بہت پسند کیاگیا۔ امسال بچوں کے تین گروپ پروگرام منعقد ہوئے تھے جس میں ' ماں باپ بڑے انمول' نامی پروگرام کو بہترین پروگرام کے خطاب سے نوازا گیا۔ اور سابقہ سالوں کی طرح اس پروگرام کے ہدایت کاروں (زوجہ پرویز قاسمجی و بنت روشن آرمار) کی ہمت افزائی کرتے ہوئے انعام سے نوازاگیا۔ اس پروگرام میں حصہ لینے والے بچوں کے نام سمرا افریقہ، اذشاسلامتی، آمنہ آرمار، زوہاسکری، آئینا پلور،، صنوبر رکن الدین، شزا اسرمتا، فاطمہ قاسمجی،، سمیہ ائیکری اور زہرہ آرمار رہے۔
محمد اطہر پیرزادے کے زیر اہتمام کوئز پروگرام کے ذریعہ بھٹکل کے تاریخ سامعین کو یاد دلانے کی کوشش کی گئی جس کو سامعین نے بے حد سراہا۔ محفل کو مزید لطف اندوز کرنے کے لیے ایک کھیل کا انتظام کیاگیاتھا جس میں ساری محفل کے شرکانے شرکت کی، محمد اطہر پیرزادے نے اس کھیل کی نظامت کو خوبصورتی کے ساتھ نبھایااور جیتنے والے چار ممبران کو انعامات سے نوازاگیا۔ اس کھیل کو حاضرین نے بے حد پسند کیا۔
بھٹکل کے معروف نوائطی اخبار نقش نوائط کے ایڈیٹر مولوی عبدالعلیم قاسمی اس پروگرام میں مہمان خصوصی کے طور پر مدعو تھے، انہوں نے اپنے پُر مغز بیان میں معاشرہ میں بڑھتے ہوئے غیر رسمی وغیر ضروری روایات پر تشویش کا اظہار کیا اور افسوس کے ساتھ بتایا کہ آج کل ہمارے نوجوان کس طرح ہمارے اپنے طور طریقوں کو بھول کر دوسروں کے طریقوں کو اپنا رہے ہیں۔ انہوں نے حاضرین کو معاشرہ کی حفاظت پر اُبھارا۔ جماعت ومحفل کے صدر مولوی عبدالرزاق خلیفہ ندوی نے اپنے صدارتی خطاب میں بچوں کی تربیت پرزور دیا۔ محفل کے کنوینر وجماعت کے نائب صدر احمد ضیامحتشم نے آخر میں تمام سامعین، مہمانان، حصہ لینے والے حضرات وانعامات دینے والے حضرات کا فرداً فرداً شکر یہ ادا کیا، جناب محمد جنید مولوی کی دعاپر تقریب کا اختتام ہوا۔ محفل کی نظامت برادرم محمد اسحاق پلور اور برادرم سرفراز احمد محتشم نے بخوبی نبھائی اور آخرتک محفل کو گرمائے رکھنے میں کامیاب رہے
امسال تعلیمی ایوارڈ اناس بنت محمد شعیب افریقہ نے حاصل کیا جنہوں نے درجہ دہم میں 95.8 فیصد سے امتیازی کامیابی حاصل کی تھی اور پورے بحرین میں بھٹکل کمیونٹی کا نام روشن کردیا تھا۔ امسال اعزازی حافظ قرآن کا ایوارڈ حافظ اسعد ابن محمد الطاف مصباح کو دیاگیا، یہ بحرین میں مقیم بھٹکلی حضرات میں پہلے حافظ قرآن ہیں جنہوں نے اپنے طالب علمی کے دوران ہی مکمل قرآن حفظ کیا۔ اسی طرح رمضان المبارک کے پورے روزے رکھنے والے ننھے بچوں کی بھی ہمت افزائی کے لئے ایک انعام رکھا گیا تھا جسے آئنا بنت اسحاق پلور نے حاصل کیا۔ ریفل ڈرا کا پہلا انعام انڈین پچاس ہزار روپئے جناب محمد شاکر ربانی کھروری کے نام نکلا جبکہ دوسرا انعام 10گرام سونے کا سکہ جناب محمد شعیب افریقہ کے حق میں رہا۔ تیسراانعام انڈین 25ہزار روپئے کے حقدار جناب محمد عاقب قاسمجی رہے۔